تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور تعزیتی تقریبات کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ ایران اور عراق نے ان تقریبات کی نگرانی کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بغداد میں عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران نئی عراقی حکومت کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ عراق میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے انتظامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
عباس عراقچی نے بتایا کہ دورہ عراق کے دوران وہ ایرانی رہنما آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کا تہنیتی پیغام عراقی قیادت تک پہنچا چکے ہیں۔
عراقی حکومت کے تعاون سے بغداد، کاظمیہ، کربلا اور نجف میں تعزیتی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ عباس عراقچی نے عراقی وزیراعظم کی جانب سے خصوصی کمیٹی کے قیام پر شکریہ ادا کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق، آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا آغاز 4 جولائی سے تہران میں ہو گا۔ 6 جولائی کو باضابطہ جنازے کی تقریب ہوگی اور 7 جولائی کو میت قُم منتقل کی جائے گی۔
ایرانی اور عراقی حکام کے مطابق 8 جولائی کو میت عراق لائی جائے گی جہاں تعزیتی تقریبات ہوں گی اور 9 جولائی کو مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ایرانی حکام نے مختلف شہروں میں سوگوار تقریبات میں دو کروڑ افراد کی شرکت کی توقع ظاہر کی ہے، جس کے باعث سکیورٹی اور انتظامات تیز کر دیے گئے ہیں۔


