ڈھاکہ (لارڈ میڈیا): بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی فنڈنگ منجمد کرنے کی درخواست کی ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق سابق صدر نے آئی سی سی کو 14 صفحات پر مشتمل خط بھیجا جس میں بی سی بی کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
امین الاسلام نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ انہیں دوبارہ بی سی بی کے صدر کے عہدے پر بحال کیا جائے اور اس وقت تک بورڈ کو مالی معاونت فراہم نہ کی جائے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد آئی سی سی کو باضابطہ جواب دے گا۔ دوسری جانب، امین الاسلام نے اپنے حوالے سے چھپنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل جھوٹ ہے اور انہوں نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی۔
امین الاسلام نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مخصوص لوگ انہیں ڈسٹرب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ ناکام ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بنگلادیش کو نقصان پہنچانے والی کوئی درخواست نہیں کریں گے اور ان کا آئی سی سی میں اب کوئی پہنچ نہیں ہے۔


