بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بدھ کے روز ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز کے تناظر میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت عائد ذمہ داریوں کی تکمیل، ریاستوں کی مساوی خودمختاری کے اصول کی پاسداری، بین الاقوامی قانون کی حکمرانی پر عملدرآمد اور طاقت کی سیاست و دھونس پر مبنی اقدامات کی مخالفت پر زور دیا۔
وانگ یی، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے یہ بات "زیادہ منصفانہ اور مساوی عالمی نظم و نسق: چین کے اصول، تجاویز اور اقدامات” کے عنوان سے جاری کردہ وائٹ پیپر کے تعارف کے لئے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہی۔
وانگ یی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور پر دستخط کرنے والے پہلے ملک کی حیثیت سے چین عالمی نظم و نسق کے اقدام پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے تاکہ اقوام متحدہ کے اختیار اور وقار کا تحفظ کیا جا سکے اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے کردار کو ازسر نو فعال اور مزید مضبوط بنایا جا سکے۔


