ہیفے (شِنہوا) چین کے مشرقی قصبے شیا تانگ میں جیسے ہی شام ڈھلی، مقامی نائٹ مارکیٹ میں چہل پہل عروج پر پہنچ گئی۔ ریستوران اور کھلے آسمان تلے لگے کھانے کے سٹالز گاہکوں سے بھر گئے، جن میں اکثریت چین کی معروف نئی توانائی والی گاڑیوں کی بڑی کمپنی بی وائی ڈی کی قریبی فیکٹری کے ملازمین کی تھی۔
صوبہ آنہوئی کے دارالحکومت ہیفے کی چھانگ فینگ کاؤنٹی میں واقع اس چھوٹے سے قصبے کی کایا پلٹ کو وہاں کی ایک مشہور مقامی کہاوت میں یوں بیان کیا جاتا ہے "ماضی میں یہاں ہر ایک منٹ میں تِل کا ایک کیک بنتا تھا۔ آج یہاں ہر ایک منٹ میں ایک نئی توانائی والی گاڑی (این ای وی) پروڈکشن لائن سے تیار ہو کر نکلتی ہے۔”
چین کی این ای وی انڈسٹری کی تیز رفتار ترقی کی بدولت، اس ماضی کے پسماندہ کاؤنٹی نے ایک شاندار صنعتی بحالی کا سفر طے کیا ہے۔
چھانگ فینگ کاؤنٹی کو 2012 میں چین کی غربت کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔ اس وقت یہ صوبہ آنہوئی کی صف اول کی کاؤنٹی سطح کی معیشتوں میں شمار ہوتی ہےجس کی بڑی وجہ این ای وی کے شعبے میں ہونے والی تیز رفتار توسیع ہے۔
اس کاؤنٹی نے آنہوئی کی گاڑیوں کی صنعت کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 2025 میں اس صوبے نے چین کے تمام صوبائی خطوں میں سب سے زیادہ آٹوموبائل اور این ای وی کی پیداوار ریکارڈ کی جس میں اکیلے چھانگ فینگ نے 8 لاکھ 10ہزار این ای وی گاڑیاں تیار کیں جو صوبہ آنہوئی کی مجموعی این ای وی پیداوار کا 45 فیصد بنتا ہے۔


