ہومتازہ ترینتیانجن شپنگ ایکسپو کا آغاز، اسمارٹ پورٹ ٹیکنالوجیز کی نمائش

تیانجن شپنگ ایکسپو کا آغاز، اسمارٹ پورٹ ٹیکنالوجیز کی نمائش

چین کے شمالی شہر تیانجن میں چوتھی تیانجن بین الاقوامی شپنگ انڈسٹری ایکسپو منگل سے جمعہ تک منعقد ہوئی۔

’’دنیا سے بحری رابطے، مستقبل کی جانب سفر، بندرگاہوں اور جہازرانی کی ترقی میں مصنوعی ذہانت کے نئے مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں شرکاء کو صنعت میں استعمال ہونے والی جدید ترین سہولیات اور ٹیکنالوجیز کی جھلک دکھائی گئی۔

ایکسپو میں تیانجن بندرگاہ کے بعض اسمارٹ نظاموں اور جدید ٹیکنالوجیز کی بھی نمائش کی گئی جس سے شرکاء کو بندرگاہ کی جدید سہولیات کے مشاہدے کا موقع ملا۔ یہ دنیا کی وہ پہلی بندرگاہ ہے جہاں اسمارٹ صفر کاربن اخراج والے ٹرمینل ہیں۔ بندرگاہ پر کرین آپریٹرز کئی سو میٹر دور بیٹھ کر سامان کی منتقلی کا عمل کنٹرول کرتے ہیں جبکہ خودکار گاڑیاں کنٹینرز کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچاتی ہیں۔

مسلسل تکنیکی ترقی کی بدولت تیانجن بندرگاہ نے کارگو ہینڈلنگ کے لحاظ سے دنیا کی سرفہرست 10 بندرگاہوں میں اپنی جگہ بنا رکھی ہے۔ سال 2025 میں بندرگاہ پر کنٹینرز کی آمدورفت 2 کروڑ 40 لاکھ ٹی ای یوز سے تجاوز کر گئی جبکہ 150 سے زائد بحری راستے فعال رہے۔ بندرگاہ کے اہم آلات میں خودکاری کی شرح 80 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ بندرگاہ نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ذہین شیڈولنگ نظام بھی تیار کیا ہے جو جہازوں کی نقل و حرکت کے راستوں کا تجزیہ کرتا ہے اور ان کی آمد کے اوقات کے بارے میں 95 فیصد درستگی کے ساتھ قبل ازوقت آگاہ کر دیتا ہے۔

تیانجن پورٹ ہولڈنگز کمپنی لمیٹڈ کے بزنس ڈپارٹمنٹ کے نائب منیجر ژانگ جیانگ نے کہا ہے کہ 6 ہزار سے 8 ہزار ٹی ای یوز گنجائش رکھنے والے جہازوں کے اوسط سفری دورانیے میں 10.3 فیصد کمی آئی ہے جبکہ کچھ بحری راستے اب عالمی سطح پر سب سے زیادہ مؤثر کارکردگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

چین کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق چین نے 30 خودکار کنٹینر ٹرمینلز تعمیر کئے ہیں جو دنیا بھر میں موجود ایسے ٹرمینلز کا 27 فیصد بنتے ہیں جبکہ 30 خودکار خشک بلک ٹرمینلز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ نئی اور صاف توانائی سے چلنے والے بحری جہازوں کی تعداد پہلے ہی 1200 سے تجاوز کر چکی ہے۔

تیانجن، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں