لندن (لارڈ میڈیا): عالمی شہرت یافتہ برطانوی گلوکارہ دعا لیپا اور اداکار کالم ٹرنر نے لندن میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کرلی ہے۔ یہ تقریب 31 مئی کو اولڈ میری لیبون ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئی، جہاں صرف قریبی اہل خانہ اور چند دوستوں کو مدعو کیا گیا۔
دعا لیپا نے سفید دلہن کے لباس میں تقریب میں شرکت کی، جبکہ کالم ٹرنر نیوی بلیو سوٹ میں نظر آئے۔ شادی کے بعد دونوں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق کالم ٹرنر دعا لیپا کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ تقریب میں موجود اہل خانہ بھی جذباتی ہوگئے۔
دعا لیپا اور کالم ٹرنر کے تعلقات کا آغاز جنوری 2024 میں ہوا تھا اور جولائی 2024 میں دونوں نے اپنے تعلق کو سوشل میڈیا پر تسلیم کیا۔ اب شادی کی تصدیق نے مداحوں کو خوشی سے نہال کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جوڑے نے اپنی شادی کو دو حصوں میں منانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا دوسرا بڑا جشن اٹلی کے علاقے سسلی میں متوقع ہے۔ مداح دنیا بھر سے اس جوڑے کو مبارکباد دے رہے ہیں۔


