کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی میں ٹریفک قوانین کی مؤثر عملداری کے لیے آج سے شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف ای چالان کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں یہ اقدام صرف شارع فیصل تک محدود رکھا گیا ہے، تاہم آئندہ مرحلوں میں اس نظام کو شہر کی دیگر اہم سڑکوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد شارع فیصل پر ٹریفک کے نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ لین میں چلائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
لین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی سڑکوں پر نصب کیمروں کی مدد سے کی جائے گی، جس کے بعد ای چالان متعلقہ افراد کو موبائل فون یا گھر کے پتے پر بھیجا جائے گا۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے آغاز سے قبل عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی تاکہ شہریوں کو نئے نظام سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔ حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے میں عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے۔


