واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک "مثبت پیش رفت” ہو رہی ہے اور ان کے خیال میں اس بار ایران معاہدے کے قریب ہے، یہ بیان ان کی جانب سے ایران پر فوجی حملے دوبارہ موخر کرنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار صورتحال پہلے کی نسبت "کچھ مختلف” تھی، جب واشنگٹن نے سمجھا تھا کہ معاہدہ تقریباً طے ہو چکا ہے مگر بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت مثبت پیش رفت ہے لیکن دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ کسی نتیجے تک پہنچتی ہے یا نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایسا وقت بھی آیا جب ہمیں لگا کہ ہم معاہدے کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں تاہم کامیاب نہیں ہوسکے۔ لیکن یہ معاملہ تھوڑا مختلف ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ خلیجی ممالک نے ان سے ایران پر منگل کے روز طے شدہ حملوں کو چند دن کے لئے موخر کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم یہ وقفہ مزید طویل بھی ہو سکتا ہے۔
دریں اثنا ٹرمپ نے ایک بار پھر زور دیا کہ ایران کے لئے اپنا جوہری پروگرام ختم کرنا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب انہیں اسے تحریری شکل میں دینا ہوگا۔


