لندن (لارڈ میڈیا) : ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے بہت پُرامید ہیں۔ نوجوان جدید علوم کے ذریعے وطن کی ترقی کے لیے پُرجوش انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ملالہ نے لندن میں ورلڈ ایجوکیشن فورم میں خطاب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔
ملالہ نے کانفرنس میں فلسطین، لبنان اور افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طالبات اپنے مسائل کو سمجھتی ہیں اور ان کے پاس ان کے حل بھی موجود ہیں۔ افغانستان میں لڑکیاں چُھپ کر تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ملالہ نے طلبہ کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی اور کوئز مقابلے میں حصہ لیا۔ کانفرنس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراء تعلیم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملالہ نے کہا کہ پاکستانی نوجوان جدید علوم کے ذریعے وطن کی ترقی کے لیے پُرجوش ہیں۔


