اسلام آباد (شِنہوا) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ہفتہ کے روز ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی آمد کے بعد پاکستان اور ایران کے حکام کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں، جن میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایران نے مذاکرات کے دوران اپنی شرائط اور تجاویز پر زور دیا جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنازع کے خاتمے اور مستقبل کے سفارتی لائحہ عمل کے تعین کے لئے بات چیت جاری رکھی جائے گی۔
جمعہ کی رات اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ایرانی وفد نے اہم مطالبات پر اپنا موقف اور امریکہ کی جانب سے دی گئی تجاویز پر ردعمل پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے بطور ثالث واشنگٹن کے پیغامات ایرانی وفد تک پہنچائے، جس کے بعد ایرانی وفد نے اجلاس کے اختتام سے قبل اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایرانی وفد نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی قیادت کی "انتھک اور مخلصانہ کوششوں” کو سراہا۔


