پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت 77 کروڑ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرا دیئے۔
ذرائع کے مطابق رقم اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ہدایت پر اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد جمع کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری پروٹوکول کم، ذاتی گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دی جارہی ہے، سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول اخراجات میں 50 فیصد کمی سے مجموعی مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں بجلی استعمال میں بھی کمی سے صرف 2ماہ میں ایک لاکھ 11ہزار سے زائد بجلی یونٹس کی بچت ریکارڈ کی گئی ہے، مہم کے تحت غیر ضروری خریداری پر مکمل پابندی عائد ہے، کسی قسم کی نئی پروکیورمنٹ نہیں کی گئی، جبکہ غیر ملکی سرکاری دوروں پر بھی مکمل پابندی نافذ ہے۔
ذرائع کے مطابق مہم کے تحت سرکاری تقریبات اور انٹرٹینمنٹ اخراجات میں کمی کی گئی ہے، سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کرنے سے بھی اخراجات کم ہوئے ہیں۔


