امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے جنگ جلد ختم ہو جائیگی، میں تہران سے جنگ نہیں لڑنا چاہتا تھا لیکن جوہری خطرہ روکنے کیلئے جنگ کرنی پڑی۔
لاس ویگاس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، امریکا کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، ایرانی اچھے فائٹر ہیں مگر انکی نیوی ختم کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن دور میں امریکی تاریخ کی بدترین مہنگائی ہوئی، نیو یارک میں ٹیکس پالیسیوں سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں، ٹیکس کے بوجھ کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کر لیتے ہیں، ٹیکس کٹ کی پالیسی سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، میرے دور میں امریکا میں 18 ٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں جنگ بہت جلد ختم ہونے جا رہی ہے، امریکا کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، فوج کے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے اور اسے مزید بہتر کرینگے، ہمارے ایک بحری جہاز پر 111راکٹ فائر کئے گئے، بہترین فوج کی وجہ سے ایران جنگ میں جو کچھ کرنا چاہا وہ کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران بہت پیارا ملک ہے لیکن ہمیں جنگ کرنی پڑ گئی، ویتنام، افغانستان میں طویل عرصے تک جنگیں جاری رہیں، ایران میں جنگ 2مہینوں میں ختم ہونے جا رہی ہے اور بہت جلد ہمیں فتح ملنے جا رہی ہے، ایران مشکل اور ذہین ملک ہے، انکے لوگ اچھے فائٹر ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا یہ حقیقت ہے کہ ایران کی نیوی ختم کر دی ہے، 158جہاز ڈبو دئیے ہیں، میں نے کہا158جہاز ڈبو کیوں دئیے، انہیں استعمال کر سکتے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ سعودی بادشاہ ذہین شخصیت ہیں، انہوں نے امریکا میں 2ٹریلین ڈالرکی سرمایہ کاری کی ہے۔


