ہومپاکستانبرطانیہ اور پاکستان میں قونصلر خدمات فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ

برطانیہ اور پاکستان میں قونصلر خدمات فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ

برطانیہ اور پاکستانی ہائی کمیشن کے درمیان قونصلر خدمات کے فروغ کیلئے ویزا سروس معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت جیریز کو برطانیہ بھر میں قونصلر خدمات کی فراہمی کیلئے سہولت مراکز کے قیام کا واحد مجاز پارٹنر مقرر کیا گیا ہے، اس حوالے سے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے ہیں، یہ اقدام وزارتِ خارجہ کی منظوری سے کیا گیا ہے اور اسکا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے قونصلر خدمات کو مزید آسان، موثر اور قابل رسائی بنانا ہے۔

یہ پیشرفت برطانیہ میں مقیم تقریباً بیس لاکھ پاکستانی نژاد افراد کو سہولت کی فراہمی کیلئے ہائی کمیشن کے عزم کا اہم مظہر ہے، معاہدے کے تحت برطانیہ بھر میں سروس سینٹرز قائم کیے جائینگے جہاں اوورسیز پاکستانی ویزا، پاسپورٹ اور نادرا سے متعلق دستاویزات اور تصدیقی خدمات سمیت مختلف قونصلر سہولیات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ شراکت داری اوورسیز پاکستانیوں کو اولین ترجیح دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، مجاز اداروں کے ذریعے کونسلر سروسز کو مختلف علاقوں تک وسعت دیکر ہم لوگوں کے طویل سفر کی زحمت کو کم کر رہے ہیں اور قونصلر سہولیات کو تیز تر، محفوظ اور زیادہ سہل بنا رہے ہیں، معاہدے کا ایک اہم مقصد برطانیہ میں غیر مجاز اور جعلی ویزا فسیلیٹیشن مراکز کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سدباب کرنا بھی ہے جو بھاری فیسیں وصول کرتے ہوئے معصوم درخواست گزاروں کو دھوکہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نئے نظام کے تحت ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا اور غیر منظور شدہ اداروں کو حساس معلومات کی فراہمی کا راستہ روکا جائیگا۔

جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ کے چیئرمین افضل ولی محمد نے کہا ان کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں اس اہم قومی منصوبے کیلئے واحد مجاز پارٹنر منتخب کیا گیا ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمپنی برطانیہ بھر میں پاکستانی کمیونٹی کو عالمی معیار کی، شفاف اور محفوظ خدمات فراہم کریگی، ویزا سروسز کے پہلے فسیلیٹیشن سنٹر کا مئی 2026میں افتتاح کیا جائیگا جس کے بعد مرحلہ وار توسیع کے ذریعے برطانیہ کے تمام بڑے علاقوں میں اس نیٹ ورک کو پھیلایا جائیگا، مراکز کے مقامات، دستیاب خدمات اور اپائنٹمنٹ کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں