کراچی: سندھ حکومت نے بھی صوبے بھر میں کفایت شعاری پالیسی کا نفاذ کرتے ہوئے مارکیٹوں، ہوٹلز اور شادی ہالز کیلئے نئے اوقات کار جاری کردیئے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹیںاور شاپنگ مالز رات 8بجے بند کر دیے جائیں گے تاہم ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9بجے تک کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل ہوں گے، تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، ہسپتال اور پیٹرول پمپس ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور فوڈ آئوٹ لیٹس شام 7بجے سے رات ساڑھے 11بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی، ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8بجے سے 12بجے تک تقریبات کی اجازت ہو گی۔ اعلامئے کے مطابق کفایت شعاری سے متعلق ہدایات کا اطلاق فوری ہو گا۔


