چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایران، امریکہ کشیدگی میں کمی و جنگ بندی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تہران، واشنگٹن اور ملکی قیادت کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
جاری بیان میں بلاول بھٹو نے ایران اور امریکہ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تباہی کے راستے کی بجائے مذاکرات کا انتخاب، کشیدگی سے پیچھے ہٹنے کا دانشمندانہ فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے دانشمندی، عزم اور امن کیلئے پختہ وابستگی کیساتھ قیادت کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کی قیادت نے کشیدگی میں کمی و سفارتکاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا، یہ جنگ بندی پورے خطے کیلئے سکون کا سانس لینے کا ایک اہم موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ پیشرفت محض عارضی وقفہ ثابت نہیں ہوگی بلکہ پائیدار امن، استحکام اور باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز بنے گی جو خطے اور دنیا بھر میں مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔


