ہومپاکستانبلوچستان، حالیہ بارشوں و ژالہ باری سے زیر زمین پانی کی سطح...

بلوچستان، حالیہ بارشوں و ژالہ باری سے زیر زمین پانی کی سطح بلند

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کے بعد زیر زمین پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے جبکہ متعدد چھوٹے بڑے ڈیم بھی بھر گئے ہیں جس کی وجہ سے زمینداروں اور باغبانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، حالیہ بارشیں صوبے کیلئے ایک بڑی نعمت ثابت ہوئی ہیں کیونکہ گزشتہ کئی برسوں سے بلوچستان کے بیشتر علاقے خشک سالی اور پانی کی قلت کا شکار تھے۔

کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، موسی خیل، خضدار، مستونگ، نوشکی، چاغی، دکی ہرنائی، مکران ڈویژن، نصیر آباد ڈویژن اور دیگر علاقوں میں ہونیوالی بارشوں سے نہ صرف زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری آئی ہے بلکہ مختلف علاقوں میں واقع ڈیموں میں بھی پانی ذخیرہ ہونا شروع ہوگیا ہے، دیہی علاقوں میں کنوئوں، کاریزوں اور ٹیوب ویلوں میں پانی کی مقدار بڑھنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

زمینداروں نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد امسال گندم، سبزیوں، پھلوں اور دیگر فصلوں کی پیداوار بہتر ہونے کی امید ہے۔

باغبانوں کے مطابق بارشوں سے سیب، انگور، خوبانی، آڑو اور دیگر پھلوں کے باغات کو فائدہ پہنچے گا جبکہ چراگاہوں میں گھاس اگنے سے مال مویشی پالنے والوں کو بھی سہولت ملے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں کا یہ سلسلہ خشک سالی کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اگر آنیوالے دنوں میں مزید بارشیں ہوتی رہیں تو صوبے کے بیشتر علاقوں میں زرعی صورتحال مزید بہتر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب عوام نے بھی حالیہ بارشوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بارشوں سے نہ صرف پانی کا بحران کم ہوگا بلکہ زرعی معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں