لندن (شِنہوا) شی آن جیاؤتونگ-لیورپول یونیورسٹی (ایکس جے ٹی ایل یو) جو چین کی شی آن جیاؤتونگ یونیورسٹی اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیورپول کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے، کو لیورپول کی جانب سے "فریڈم آف دی سٹی” کے اعزاز سے نوازا گیا جو شمال مغربی انگلینڈ کے اس بڑے ساحلی شہر کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔
یہ اعزاز ایکس جے ٹی ایل یو کی چین-برطانیہ تعلیمی تعاون میں خدمات، شہر کی اقتصادی و ثقافتی زندگی میں شراکت اور اس مشترکہ ادارے کے 20 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے دیا گیا۔ اس بارے میں فیصلہ سٹی ہال میں ایک خصوصی اجلاس کے دوران اتفاق رائے سے کیا گیا۔
یونیورسٹی آف لیورپول کے وائس چانسلر ٹم جونز نے کہا کہ ہم پچھلے 20 سالوں میں شی آن جیاؤتونگ-لیورپول یونیورسٹی کی کامیابیوں پر بے حد فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہ چین اور برطانیہ کے پہلے مشترکہ اداروں میں سے ایک ہے اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ تسلیم شدہ اور کامیاب بین الاقوامی اداروں میں سے ایک بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکس جے ٹی ایل یو کی کامیابی نے لیورپول سٹی ریجن کو اہم اقتصادی اور ثقافتی فوائد پہنچائے ہیں۔
ایکس جے ٹی ایل یو کے ایگزیکٹو صدر اور یونیورسٹی آف لیورپول کے پرو وائس چانسلر شی یومن نے کہا کہ یہ اعزاز یونیورسٹی کے لئے ایک شاندار خراج تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف نمائش کے لئے نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے تحریک، ذمہ داری اور یاد دہانی کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا کہ آج جو کامیابیاں ہم سمیٹتے ہیں وہ کل دوسروں کے لئے بنیاد فراہم کریں گی۔


