ہومپاکستانحکومت معاشی استحکام و عوامی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی، وزیراعظم

حکومت معاشی استحکام و عوامی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی اور موثر طریقے سے حل کر رہا ہے، اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں برآمد کرنے کیلئے حکمت عملی پر پیشرفت جاری ہے، حکومت معاشی استحکام اور عوامی فلاح کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

اسلام آباد میں مالیاتی و معاشی اثرات سے بچنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کئی ممالک کو حالیہ صورتحال میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ملکی پیداوار پر اثرات کم کرنے کیلئے موثر اقدامات تجویز کئے جائیں۔

انکا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے اور معیشت کے تمام شعبوں کے استحکام و ترقی کومد نظر رکھ کر بنائی جائے، حکمت عملی مرتب کرنے میں بیرونی اور اندرونی میکرو اکنامک اثرات کو بھی جانچا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وزارتیں اور ادارے روزانہ کی بنیاد پر موجودہ صورتحال کے تناظر میں معاشی اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس لغاری، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر رانا تنویر، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ سرکاری عہدیدار بھی اجلاس میں شریک تھے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں