ہومپاکستانمراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس، 10 ارب...

مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس، 10 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے منظور

سندھ کابینہ نے 10 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

منگل کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ترقیاتی ایجنڈے اور کابینہ کمیٹی آن فنانس کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے ملیر تا گھگھر پھاٹک 30.5 کلومیٹر طویل ڈوئل کیرج وے کی مرمت و تزئین کیلئے 2.55 ارب روپے کی سفارش منظور کی۔

سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کیلئے 88کروڑ، 82 لاکھ 44ہزار روپے جبکہ مختلف سڑکوں کی توسیع و مرمت کیلئے ایک ارب 96 کروڑ 64لاکھ ایک ہزار روپے کی منظوری دی گئی، تلہار تا ٹنڈو باگو اور نوشہرو فیروز روڈ سے مہران ہائی وے لنک روڈ منصوبے بھی شامل ہیں۔

اجلاس میں سینٹ پیٹرک سکول کراچی میں جدید کثیرالمقاصد سٹیڈیم کیلئے 10کروڑ روپے منظور کئے گئے جبکہ تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (این ای ڈی کیمپس) فیز ٹو کیلئے 6.63 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سرکاری اداروں کو سابق برسوں کی طلباء فیس واپسی کیلئے 3.4ارب روپے کی اصولی منظوری دی گئی۔

وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ رعایت صرف مستحق طلبہ کو دی جائے اور شفاف نظام بنایا جائے۔

اجلاس میں ایس ڈی جیز کے تحت 98 سکیموں کی منظوری دی گئی جس کیلئے 4.33 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ عورت فائونڈیشن کیلئے 5کروڑ روپے گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

اجلاس میں سکھر اور روہڑی میں یونین کونسل جانو جی اور پیر اخلاص شاہ کیلئے آر او پلانٹس، اسٹریٹ لائٹس اور پیور بلاکس سمیت منصوبے منظور کئے گئے، ابتدائی طور پر 25 فیصد فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دریائے سندھ، نکاسی آب اور چھوٹے ڈیمز پر تین بڑے مطالعات کی منظوری دی گئی، وزیراعلی نے سیلابی امداد فنڈز میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور نیشنل ہائی وے میڈیکل کمپلیکس جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

کابینہ نے محکمہ اوقاف کے تحت مزارات کی ترقیاتی سکیمیں بھی منظور کیں، خیرپور کے درازہ شریف میں حضرت سچل سرمست لائبریری کے قیام کیلئے 5کروڑ 15لاکھ روپے مختص کئے گئے جبکہ مٹیاری کے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ لطیف بھٹائی کے مزار پر اندرونی سڑکوں کی بحالی اور 200کے وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے 3کروڑ 36لاکھ روپے مختص کئے گئے۔

دونوں منصوبوں کیلئے 25فیصد فنڈز فوری جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے زائرین کو بہتر سہولیات فراہمی کا حکم دیا گیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں