پشاور: مشیر خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش پر جعلی حکومت ایک دن نہیں چل سکے گی، وزیراعلی کے پاس اختیار، جب چاہیں اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں۔جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان سے مشاورت کے بغیر خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور نہیں ہوگا، عوام نے بانی کے نظریئے کو ووٹ دیا ہے، اس لئے بجٹ بھی ان کی مشاورت ہی سے منظور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو جعلی حکومت ایک دن نہیں چل سکے گی، عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار صرف وزیراعلی کے پاس ہے، وہ جب چاہیں اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں، خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں فارم 45 کی بنیاد پر حقیقی حکومت قائم ہے جبکہ وفاقی و دیگر صوبائی حکومتیں فارم 47کے جعلی مینار پر لڑکھڑاتی کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومتوں کو گرانے کیلئے صرف ایک دھکا کافی ہے۔