گوادر پورٹ پر خصوصی جہاز ایم وی ایچ ایم او لیڈر کی کامیاب برتھنگ کی گئی ہے جہاں 35 یونٹس ٹرانس شپمنٹ کارگو ہینڈل کیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے دوران گوادر بندرگاہ محفوظ بحری مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے اور عالمی شپنگ لائنز محفوظ متبادل کے طور پر گوادر کا رخ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث روایتی شپنگ روٹس متاثر ہوئے ہیں جس سے گوادر کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹرانس شپمنٹ کارگو کیلئے مفت سٹوریج سہولت دستیاب ہے جس سے بندرگاہ کی مسابقتی حیثیت مزید بہتر ہو رہی ہے، گوادر پورٹ اور فری زون میں 16ہزار ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈلنگ کی استعداد موجود ہے جبکہ جنرل کارگو کیلئے 90ہزار مربع میٹر سے زائد سٹوریج گنجائش بھی دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ بلیو اکانومی اور علاقائی تجارت میں کلیدی کردار ادا کریگا۔


