وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ و کلیدی ذمہ داری ہے، موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی بگاڑ کو سدھارنے کیلئے ہمارے آج کے فیصلے آنیوالی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔
ہفتے کو ارتھ اور کے عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور اس دور میں ارتھ آور یاد دہانی کراتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ارتھ آور ‘زمین کیلئے ایک گھنٹہ صرف کریں’ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے موثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارتھ آور محض ایک علامتی تحریک نہیں بلکہ یہ عالمی سطح کا لمحہ فکریہ ہے جو ایک پائیدار اور مضبوط ماحولیاتی مستقبل کیلئے تجدید عزم کا موقع فراہم کرتا ہے، ایسے شعوری اقدامات کا مجموعی اثر ایک بڑی مثبت معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ کو سدھارنے کیلئے آج ہمارے کئے گئے فیصلے آنیوالی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے، حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ وہ ارتھ آور میں بھرپور شرکت کرے اور رات ایک گھنٹے کیلئے بجلی اور غیر ضروری روشنی بند رکھیں یا کم سے کم استعمال کریں۔


