بدلتے عالمی حالات کے باوجود ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون کو فروغ دیں گے، شی جن پھنگ

چینی صدر شی جن پھنگ روسی شہر قازان میں 16 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)

قازان(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں تبدیلی سے قطع نظر چین ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون کو فروغ دے گا۔

برکس کے 16 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں چینی صدر نے کہا کہ ایران ایک اہم علاقائی اور بین الاقوامی اثر و رسوخ رکھنے والا ملک اور چین کا اچھا دوست اور شراکت دار ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ایران کے تعلقات کی تزویراتی اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ہے کیونکہ دنیا میں ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تبدیلیاں اب تیزی سے رونما ہورہی ہیں۔

چینی صدر نے مزید کہا کہ چین قومی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ، معاشی اور سماجی ترقی کو مسلسل آگے بڑھانے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات مضبوط بنانے میں ایران کی حمایت کرتا ہے۔

شی نے کہا کہ چین ایک دوسرے کی حمایت کرنے، داخلی معاملات میں عدم مداخلت جیسے بنیادی اصولوں کی پاسداری اور دونوں ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ایران کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے ۔

چینی صدر نے برکس سربراہ اجلاس میں پہلی بار ایران کی ایک مکمل رکن کی حیثیت سے شرکت کا خیرمقدم کیا اور مبارکباد دی۔

اس موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ چین تعاون کے لئے ایران کا سب سے اہم شراکت دار ہے۔ ایران اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں جامع تزویراتی شراکت داری اور تعاون نے ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔

Author

  • Xinhua

    شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts
اپنا تبصرہ لکھیں