چین اور بھارت ترقیاتی امنگوں کے حصول میں ایک دوسرے کو سہولت فراہم کریں،چینی صدر

چینی صدر شی جن پھنگ سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی روسی شہر قازان میں منعقدہ 16 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)

قازان(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے چین اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنائیں، باہمی تزویراتی اعتماد میں اضافہ کریں اور ترقیاتی امنگوں کے حصول میں ایک دوسرے کو سہولت فراہم کریں۔

16 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں شی نے کہا کہ اعلیٰ اقدار کی تہذیبوں، بڑے ترقی پذیر ممالک اور عالمی جنوب کے اہم ممالک کے طور پر چین اور بھارت دونوں اپنی اپنی جدیدیت کی کوششوں کے ایک اہم مرحلے میں ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ تاریخ کے رجحان اور دوطرفہ تعلقات کی درست سمت کو برقرار رکھنا دونوں ممالک اور عوام کے بنیادی مفاد میں ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داری نبھائیں، ترقی پذیر ممالک کی طاقت اور اتحاد کو فروغ دینے میں ایک مثال قائم کریں اور بین الاقوامی تعلقات میں کثیر سمتی دنیا اور وسیع تر جمہوریت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

شی نے زور دے کر کہا کہ چین اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں ایک اہم سوال یہ ہے کہ دونوں بڑے ترقی پذیر اور ہمسایہ ممالک ایک دوسرے سے کیسے برتاؤ کرتے ہیں جن میں سے ہر ایک 1.4 ارب کی بڑی آبادی کا ملک ہے۔

چینی صدر نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے بارے میں مستحکم تزویراتی تصور کو برقرار رکھیں اور مل کر کام کریں تاکہ دونوں بڑے ممالک کے ہم آہنگی سے رہنے اور شانہ بشانہ ترقی کے لئے درست اور روشن راستہ تلاش کیا جاسکے۔

اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا بھارت اور چین کے تعلقات کی مستحکم ترقی کو برقرار رکھنا دونوں ممالک اور عوام کے لئے اہم ہے۔ یہ نہ صرف 2 ارب 80 کروڑ عوام کی فلاح و بہبود اور مستقبل سے متعلق ہے بلکہ خطے اور یہاں تک کہ پوری دنیا کے امن اور استحکام کے لئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts