بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے بیجنگ میں برطانوی وزیرِاعظم کے قومی سلامتی کے مشیرجوناتھن پاول سے ملاقات کی جس میں ایران کی صورتحال، یوکرین کے بحران اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے انہیں چین کے غیر جانبدارانہ موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایران کی صورتحال کے اثرات پھیل رہے ہیں جبکہ طویل جنگ مزید نقصان اور سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام فریقوں کو چاہیے کہ آگ پر تیل چھڑکنے کے بجائے مسئلے کی بنیادی وجوہات کو حل کریں اور بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی طرف واپس لوٹیں۔
برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کے جنوری میں چین کے کامیاب اور تاریخی دورے کا ذکر کرتے ہوئے وانگ یی نے کہا کہ اس دورے کو دونوں ممالک اور عالمی برادری نے مثبت انداز میں سراہا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ چین اور برطانیہ کے درمیان طویل المدتی اور مستحکم جامع تزویراتی شراکت داری کا فروغ ایک ناگزیر رجحان ہے۔
اس موقع پر برطانوی وزیرِاعظم کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول نے کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ مل کر وزیرِاعظم اسٹارمر کے دورہ چین کے نتائج پر عملدرآمد، رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے اور طویل المدتی اور مستقل جامع تزویراتی شراکت داری کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔


