ہومانٹرنیشنلایران کی امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی تردید، موجودہ حالات میں بات...

ایران کی امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی تردید، موجودہ حالات میں بات چیت کو”بے معنی” قرار دے دیا

تہران (شِنہوا) ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کی ہے۔ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ "اہم نکات پر اتفاق” کر چکا ہے اور "اعلیٰ سطح کی شخصیت” سے رابطے میں ہے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے اپنی رپورٹ میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں دوست ممالک نے ایران کو پیغامات بھیجے جن میں امریکہ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لئے مذاکرات شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی تاہم ایران نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے تہران کا موقف اور جنگ کے خاتمے کے لئے اس کی شرائط تبدیل نہیں ہوئیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالیباف نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔

دوسری جانب مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہیں۔

اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات پر حملوں کو پانچ دن کے لئے موخر کرنے کا حکم دیا ہے، جس کی وجہ انہوں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی بہت اچھی اور مثبت بات چیت کو قرار دیا جس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنا ہے۔

بعد ازاں رائٹرز نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکہ غالیباف کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور دونوں فریقین کے درمیان رواں ہفتے اسلام آباد میں بات چیت ہو سکتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں