متحدہ عرب امارات میں حکام نے ویزا میعاد ختم ہونے پر شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو 31مارچ 2026تک ملک میں واپسی کیلئے خصوصی مہلت فراہم کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقدام کا مقصد متاثرہ افراد کو قانونی حیثیت بحال کرنے اور سفری معاملات کو منظم انداز میں مکمل کرنے کا موقع دینا ہے، اس مدت کے دوران واپس آنیوالے افراد کو بعض مالی جرمانوں اور انتظامی پابندیوں میں نرمی دی جا سکتی ہے تاہم اسکا انحصار ہر کیس کی نوعیت اور متعلقہ قواعد پر ہوگا، حکام نے کہا ہے کہ امیگریشن کے عمل کو مکمل کرنے اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد ہی قانونی حیثیت کی بحالی ممکن ہوگی، یہ سہولت ان رہائشیوں کیلئے اہم سمجھی جا رہی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر بروقت واپسی یا ویزا تجدید نہ کرا سکے۔
حکام نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ہدایات کے مطابق مقررہ مدت کے اندر اپنی قانونی حیثیت واضح کریں تاکہ آئندہ کسی مشکل سے بچا جا سکے۔
متعلقہ اداروں کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید رہنمائی جاری کی جا سکتی ہے۔
حکام نے کہا کہ رہائشی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے امیگریشن نظام کو منظم انداز میں چلایا جا رہا ہے۔


