بیجنگ (شِنہوا) چین نے تیزی سے ترقی کرتی انسان نما روبوٹ صنعت کو ضابطے میں لانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک کا پہلا قومی معیاری نظام جاری کیا ہے جو انسان نما روبوٹس اور مجسم اے آئی کے پورے صنعتی سلسلے اور زندگی کے تمام مراحل کا احاطہ کرتا ہے۔
یہ معیاری نظام بیجنگ میں منعقدہ انسان نما روبوٹس اور مجسم ذہانت کے معیار کی تشکیل (ایچ ای آئی ایس) کی سالانہ کانفرنس میں پیش کیا گیا۔ اس میں چھ بنیادی حصے مشترکہ بنیادی معیار، دماغ نما اور ذہین کمپیوٹنگ، اعضاء اور پرزہ جات، مکمل مشین اور نظام، اطلاق اور حفاظت و اخلاقیات شامل ہیں۔
یہ نظام وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تکنیکی کمیٹی کی نگرانی میں 120 سے زائد تحقیقی و کاروباری اداروں اور صنعتی صارفین کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ معیاری نظام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین کی انسان نما روبوٹ صنعت نے 2025 کے دوران نمایاں ترقی کی ہے جسے قومی اور مقامی حکومتوں کے درمیانی اور طویل المدتی منصوبوں کی حمایت حاصل رہی اور اسے ایک تزویراتی شعبہ قرار دیا گیا ہے۔
چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق گزشتہ سال چین میں انسان نما روبوٹس کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا پہلا سال سمجھا جاتا ہے جس کے دوران 140 سے زائد ملکی کمپنیوں نے 330 سے زیادہ مختلف ماڈلز متعارف کرائے۔
توقع ہے کہ نیا معیاری نظام اس تیزی سے پھیلتی ہوئی صنعت کے لئے اہم رہنمائی فراہم کرے گا اور معیاری تکنیکی تقاضوں اور حفاظتی اصولوں کے ذریعے اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے گا۔


