پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اور دیگر تنظیموں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے اور عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، پچھلے 2 مہینے میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر23 ,24 اضافہ اور پیٹرول میں 13 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے باوجود رمضان کے مقدس مہینے میں کرائے نہیں بڑھا رہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہرپاکستانی متاثر ہوتا ہے، قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگا رہی ہے، غلط حکومتی پالیسیوں سے تنگ آکرہم نے 10دن ملک گیر ہڑتال کی تھی، عید کے بعد پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے۔


