بدھ, فروری 18, 2026
ہومانٹرنیشنلسوڈان میں ایک مصروف بازار پر ڈرون حملہ، 28 افراد جاں بحق

سوڈان میں ایک مصروف بازار پر ڈرون حملہ، 28 افراد جاں بحق

سوڈان میں ایک مصروف بازار پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، انسانی حقوق کے گروپ ایمرجنسی لائرز نے حملے کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ شمالی کردفان کے علاقے سوداری کے قریب الصفیہ مارکیٹ میں اس وقت کیا گیا جب مارکیٹ شہریوں سے بھری ہوئی تھی، ہلاک ہونیوالوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ ہے، یہ علاقہ اسوقت سوڈانی فوج اور نیم فوجی فورس آر ایس ایف کے درمیان شدید لڑائی کا مرکز بنا ہوا ہے، تین سال سے جاری خانہ جنگی میں دونوں فریق ایک دوسرے پر فضائی حملے کر رہے ہیں۔

سوداری شمالی کردفان کا ایک دور افتادہ قصبہ ہے جو ریاستی دارالحکومت الابیض سے تقریباً 230کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے، کردفان کا علاقہ اس وقت مشرق سے مغرب تک پھیلے اہم زمینی راستے کی وجہ سے اس جنگ کا اہم محاذ بن چکا ہے جو دارفور کو خرطوم سے ملاتا ہے۔

اپریل 2023 سے جاری جنگ میں لاکھوں افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جس کے باعث سوڈان کو دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شمار کیا جا رہا ہے، ملک عملًا دو حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے جہاں فوج وسطی، شمالی اور مشرقی علاقوں پر قابض ہے جبکہ آر ایس ایف مغربی علاقوں اور بعض جنوبی حصوں پر کنٹرول رکھتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!