جمعہ, فروری 13, 2026
ہومپاکستانڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت میڈیا، آئی ٹی شعبوں میں جدت کے...

ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت میڈیا، آئی ٹی شعبوں میں جدت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت میڈیا و آئی ٹی شعبوں میں جدت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت کیساتھ مربوط کر کے عوامی خدمت، تعلیم، صحت و قومی ترقی کا موثر ذریعہ بنائیں گے۔

جمعہ کو عالمی یوم ریڈیو پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر عالمی یوم ریڈیو منا رہے ہیں، قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان ہی ایک ایسا طاقتور ذریعہ ابلاغ رہا ہے جس نے قوم کو جوڑا، شعور بیدار کیا اور معلومات کی فراہمی کو عام کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ریڈیو کی تاریخ کئی حوالوں سے نہایت روشن ہے جن میں سے سب سے اہم اس ادارے کا ملکی زرعی ترقی، ماحولیاتی شعور، ثقافتی فروغ اور عوامی آگاہی میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جب دنیا تیزی سے ڈیجیٹل دور میں داخل ہو رہی ہے، ریڈیو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی ریڈیو ڈے کا مرکزی موضوع ریڈیو اور مصنوعی ذہانت ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی اور انسانی تخلیقی صلاحیت کے امتزاج سے ابلاغ کا نظام مزید موثر اور جامع بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھی اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے اور میڈیا کے شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت میڈیا، آئی ٹی شعبوں میں جدت کو فروغ دے رہی ہے تاکہ پاکستان علم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکے، آئیے، سب مل کر عہد کریں ہم ریڈیو پاکستان سمیت تمام پاکستانی میڈیا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسے سچائی، ذمہ داری اور قومی یکجہتی کا مضبوط ذریعہ بنائیں گے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!