امریکی محکمہ انصاف نے نیویارک کیلئے ججوں کی جانب سے مقرر کئے گئے نئے امریکی اٹارنی ڈونلڈ کنسیلا کو برطرف کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت اسی روز سامنے آئی جب وفاقی ججوں نے انکی تقرری کا اعلان کیا تھا، نیویارک کے بورڈ آف ججز نے ایک تقریب کے دوران ڈونلڈ کنسیلا کو جان سارکون کی جگہ تعینات کیا جو عبوری بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے تھے لیکن عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے تھے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آپ برطرف ہیں۔
ڈونلڈ کنسیلا فوجداری اور دیوانی مقدمات میں دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں اور اس سے قبل وہ اسسٹنٹ امریکی اٹارنی اور محکمہ انصاف میں فوجداری شعبے کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ ایک وفاقی جج نے قرار دیا تھا کہ جان سارکون ریاست نیویارک میں اعلیٰ وفاقی پراسیکیوٹر کے طور پر غیر قانونی طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں ریاستی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کیخلاف تحقیقات میں مداخلت سے روک دیا تھا۔
محکمہ انصاف نے اس سے قبل مختلف انتظامی اقدامات کے ذریعے سارکون کو عبوری امریکی اٹارنی برقرار رکھنے کی کوشش کی تھی تاہم عدالتوں نے ان اقدامات کو غیر قانونی قرار دیا۔


