سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں بھارت کا منفی رویہ و ہٹ دھرمی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
جاری بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 5فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں استصوابِ رائے کے انعقاد کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ انصاف کے نام پر قائم اقوام متحدہ کشمیر کیلئے کب عملی اقدامات کرے گا؟۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا وہ آزادی کا سورج جلد طلوع ہوتا دیکھیں گے۔


