انقرہ (شِنہوا) ترکیہ نے چینی شہریوں کو عام پاسپورٹ کے حامل سیاحتی اور عارضی قیام کے لئے ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ بات سرکاری جریدے میں شائع ہونے والے ایک صدارتی فرمان میں بتائی گئی ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دستخط سے منظور ہونے والے نئے قواعد کے تحت چینی سیاح 180 دن کی مدت میں زیادہ سے زیادہ 90 دن قیام کے لئے ویزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یہ پالیسی 2 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔
اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کو مضبوط کرنا ہے اور یہ چین سے آنے والے سیاحوں میں زبردست اضافے کے بعد اٹھایا گیا ہے کیونکہ چین ترکیہ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے سیاحتی منڈیوں میں سے ایک بن گیا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ترکیہ آنے والے چینی سیاحوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے 65.1 فیصد بڑھ کر تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار ہو گئی جس میں پروازوں کی بڑھتی ہوئی سہولت اور ترکیہ کے ثقافتی ورثے کے مقامات میں دلچسپی نے اہم کردار ادا کیا۔


