ہومتازہ ترینایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں...

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں سرکاری اداروں کی اصلاحات اور سندھ کے ساحلی اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے مجموعی طور پر 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دیدی ہے جن میں 400 ملین ڈالر کا نتائج کی بنیاد پر دیا جانیوالا قرض ایس او ای ٹرانسفارمیشن پروگرام جبکہ 140 ملین ڈالر رعایتی قرض سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

اے ڈی بی کے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس او ای اصلاحاتی پروگرام پاکستان کے سرکاری اداروں میں کارپوریٹ گورننس اور کارکردگی سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کی جانب اہم پیشرفت ہے، بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان کے مطابق پروگرام پاکستان کے تجارتی سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ملکی معاشی استحکام میں مدد دینے میں اہم کردار ادا کریگا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی جیسے بڑے اور پیچیدہ ادارے کی تنظیم نو اور تجارتی خطوط پر استوار کرنے کو ترجیح دی جائیگی، پروگرام سرکاری شعبے میں انتظامی اصلاحات کیلئے اے ڈی بی کا پہلا مکمل طور پر نتائج سے منسلک قرض ہے، بینک گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں ایس او ای اصلاحات کی معاونت کر رہا ہے جسکے نتیجے میں 2023 میں ایس او ای ایکٹ اور پالیسی کا نفاذ، مرکزی مانیٹرنگ یونٹ کا قیام اور عوامی خدمت کے معاہدوں کا اجرا جیسے اہم اقدامات ممکن ہوئے، نتائج کی بنیاد پر یہ حکمت عملی گورننس، ادارہ جاتی صلاحیت، ڈیجیٹلائزیشن، سڑکوں کی حفاظت اور مالیاتی پائیداری میں مزید بہتری لانے میں مدد دیگی، بینک نے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکمیلی تکنیکی معاونت بھی منظور کی ہے تاکہ اصلاحات کے موثر نفاذ کیلئے ماہرین کی خدمات اور استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے ان اقدامات کا مقصد سرکاری اداروں کو زیادہ مسابقتی اور مضبوط بنانا، نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینا اور پاکستان کی پائیدار و جامع اقتصادی ترقی میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ کا مقصد بدین، سجاول اور ٹھٹھہ جیسے کمزور اور پسماندہ ساحلی اضلاع کو قدرتی آفات کے مقابلے کے قابل بنانا ہے، منصوبہ پانچ لاکھ سے زائد افراد کی زندگیوں میں بہتری، ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کے تحفظ اور 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی میں مدد دیگا اور گرین ہاس گیسوں میں کمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریگا جو 2030 تک فوڈ سٹمز کی تبدیلی کیلئے اے ڈی بی کے 40 بلین ڈالر کے ہدف کا حصہ ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں