اقوام متحدہ(شِنہوا)ایک چینی مندوب نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں پر کنٹرول کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرے جو اس مسئلے کی علامات اور بنیادی وجوہات دونوں کا خاتمہ کرے۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے سلامتی کونسل میں کھلے مباحثے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو متعلقہ ممالک میں معاشی ترقی اور سماجی استحکام کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں، غربت، تشدد، بد امنی اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا چاہیے تاکہ چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کے مسئلے کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لئے درکار ضروری ماحول تخلیق کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے حامل نظریے پر کاربند رہنا چاہیے، تنازعات کے پرامن حل کے لئے خود کو وقف کرنا چاہیے اور عالمی و علاقائی سلامتی خدشات کو مکالمے اور مشاورت سے حل کرنا چاہیے تاکہ تنازعات کے نئے ذرائع کو ابھرنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے کثیر الجہتی تعاون کے ذریعے چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کے نظم ونسق کے ڈھانچے کی بہتری کے لئے اجتماعی کوششوں کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بنیادی ذریعے کا کردار ادا کرنا چاہیے، عالمی ادارہ چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کے بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے جامع اور موثر نفاذ کو فروغ دے اور متعلقہ طریقہ کار کے اختیار، عالمگیریت اور اثر انگیزی کو بڑھائے۔


