دہشت گردی کا خطرہ، اسلام آباد کے اہم علاقوں میں تعلیمی ادارے بند

اسلام آباد کی 3 جامعات سمیت کئی تعلیمی ادارے سیکیورٹی خدشات پر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بحریہ، ایئر اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو بند کرنے کے احکامات آج جاری ہوئے۔
ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں نے اطلاع دی تھی کہ ایک دہشت گرد تنظیم اپنے دہشت گردوں بشمول خواتین خودکش حملہ آوروں کے ذریعے اہم تعلیمی اداروں میں حملہ کرنا چاہتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 22 سے 24 جنوری کے درمیان کالعدم تنظیموں سے وابستہ خواتین خودکش حملہ آوروں نے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
یونیورسٹیوں کی بندش سے طلبہ کے فائنل امتحانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں ان یونیورسٹیز کے علاقے میں متعدد تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز کی غیر معینہ مدت تک بندش سے متعلق طلبہ کو رات گئے مطلع کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں انتخابات اور پریس کلب پر دھرنوں کے باعث سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے۔ دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں رات گئے سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیا ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts