ہومتازہ ترینٹیکس، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری، برآمدات بڑھانے...

ٹیکس، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری، برآمدات بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، سینیٹر محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے ٹیکس اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری ہیں، برآمدات بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، ملکی معیشت میں کلی استحکام حاصل کر لیا، سعودی عرب کے وژن 2030 سے سیکھنا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف مشن کیساتھ مفید و تعمیری بات چیت ہوئی ہے، امید ہے سٹاف سطح کا معاہدہ طے پا جائے گا۔

جاری بیان کے مطابق پاکستان بزنس کونسل، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد اور اوورسیز چیمبر آف کامرس کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت اس بات پریقین رکھتی ہے کہ نجی شعبہ کوملک کی قیادت کرنی ہے، حکومت کاکام پالیسی اور ایکوسسٹم فراہم کرنا ہے، اسی تناظرمیں حکومت نے کلی معیشت کے استحکام کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے، معیشت کو دستاویزی بنانے اور ڈیجیٹائزیشن کاعمل جاری ہے، کریڈٹ ریٹنگ کی تین عالمی ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کردی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے، سرمایہ کاری پر حاصل منافع با آسانی بیرون ممالک منتقل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 30 ستمبر کو یورو بانڈز کے ضمن میں 500 ملین ڈالر کی بروقت ادائیگی کی ہے جبکہ ٹیکس اورتوانائی سمیت مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاعمل جاری ہے، اصلاحاتی عمل متعلقہ شراکت داروں کی معاونت ومشاورت سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔

وزیرخزانہ نے سعودی سرمایہ کاروں اورپاکستان بزنس کونسل کے وفد کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030سے سیکھنا چاہتا ہے، ہم نہ صرف حکمت عملی بلکہ عملی نفاذ سے متعلق تجربات سے استفادے کے خواہشمند ہیں بلکہ برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی نمو کا حصول بھی ضروری ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کیساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ کی منظوری دیدی ہے جو درست سمت میں ایک قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ اورقریبی دوست ملک ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کاساتھ دیا ہے جبکہ چین کیساتھ پاکستان کے آہنی برادر جیسے تعلقات ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے امریکہ کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھرپور مواقع کا وقت ہے، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا دورہ پاکستان بروقت ہے، حکومت سرمایہ کاری کو سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے مشن کیساتھ پاکستان کی مفید اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے، ورچوئل مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا، سیکرٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے موسم خزاں کے اجلاس کے موقع پربھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، امید ہے سٹاف سطح کا معاہدہ طے پا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیلابوں سے ہونیوالے نقصانات کا وفاقی و صوبائی سطح پر ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے، وزیراعظم اورحکومت کو اس بات کا یقین ہے کہ ریسکیو اور ریلیف اقدامات کیلئے موجودہ وسائل کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے، تفصیلی اندازوں کے بعد بیرونی معاونت کیلئے کہا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں