لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے رویئے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت یا کسی ادارے کو نہیں پوری قوم کو ان کا راستہ روکنا چاہئے، پی ٹی آئی کا سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے، مجھے ووٹ دینے کے خواہشمند اپوزیشن اراکین کو منع کر دیا ہے، وزیر اعظم کے میثاق استحکام پاکستان کے پیغام نے قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے، اپوزیشن سیاسی رویہ اپنائے تو ہم سیاست کیلئے حاضر ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا بائیکاٹ اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے،اپوزیشن اراکین نے رابطہ کر کے مجھے ووٹ دینے کا کہا مگر میں نے انہیں منع کیا کہ مجھے نہیں اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ غیر جمہوری و غیر سیاسی ہے، یہ لوگ انتشار چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے پاس راہ فرار کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،حکومت یا کسی ادارے کو نہیں پوری قوم کو ان کا راستہ روکنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں اپوزیشن سے ملنے اور ہاتھ ملانے کو تیار نہیں تھے مگر وزیراعظم نے اپوزیشن کو بات چیت کی آفر کی، یکجہتی کا پیغام دیا،شہباز شریف خود چل کر ان کے پاس گئے اور کہا کہ آئیں ہم بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ہمیشہ مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں۔
پہلے یہ کہا جاتا تھا کہ ہم این آر او نہیں دیں گے اور اسٹیبلشمنٹ بات کرنے کی اجازت نہیں دے گی لیکن حقیقت یہ ہے کہ بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھ چند لوگ ملک میں سیاست نہیں کرنا چاہتے، پی ٹی آئی نے بطور پالیسی اپنے لوگوں کو مجبور کیا کہ مخالف کو دیکھیں تو چور کہیں، یہ سیاسی رویہ اپنائیں تو ہم سیاست کیلئے حاضر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں ان کا جو حق ہے وہ ان کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کیساتھ پیش آئے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی سیاسی اور عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے ممکن ہوئی، جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نظر آئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے میثاق استحکام پاکستان کا پیغام دے کر قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھی وہی عناصر ہیں جو پاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں۔


