اسلام آباد: حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں پرہونیوالے مظالم پر خاموش رہنے پر تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی،تاریخ اور دنیا گواہی دے گی کشمیریوں نے خون کے آخری قطرے تک جہاد جاری رکھا، انشااللہ فتح ہمارا مقدر ہے۔
یوم حق خود ارادیت پر جاری ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ 1947ء سے لیکر اب تک اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت پر ایک درجن سے زائد قراردادیں ہیں، اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتی ہوں ان وعدوں اور قراردادوں کا کیا بنا؟، کیا دنیا کا قانون اندھا، بہرہ اور گونگا ہو چکا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ کیا کشمیری صرف اس لئے پیدا ہوئے ہیں کہ ہم اپنے شہدا کو دفناتے رہیں، کیا ہم جیلوں میں ہی پڑے رہیں؟ ،کیا ہم نے کالے قوانین کے تحت ہی زندگی گزارنی ہے؟۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اقوام متحدہ نے ہندوستان کی ہٹ دھرمی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں،؟ تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی، کیونکہ کشمیریوں پر ظلم ہوتا رہا اور آپ خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ اور دنیا گواہی دے گی کشمیریوں نے خون کے آخری قطرے تک جہاد جاری رکھا، انشااللہ فتح ہمارا مقدر ہے، افسوس دنیا دیکھتی رہی اور خاموش رہی اور کشمیری قربانی دیتے رہے۔