کراچی (لارڈ میڈیا) حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے ویکسینیشن کے بغیر سفر کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ فوکل پرسن کے مطابق اب عمرہ زائرین 25 ستمبر تک بغیر ویکسینیشن کے سعودی عرب جا سکتے ہیں۔
بارڈر ہیلتھ سروس کے مطابق نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ میں 25 ستمبر صبح 10 بجے تک کی توسیع کی گئی ہے اور ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروس کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کے لیے اقدامات نہیں کیے تھے۔ ویکسینیشن کے لیے پی اے اے سے جناح ٹرمینل پر 3 کمرے دینے کا کہا گیا تھا۔ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے لیے نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم کراچی ائیرپورٹ پر ہزاروں مسافروں کے لیے صرف ایک ویکسنیشن سینٹر بنایا گیا۔
یاد رہے کہ ویکسینیشن کارڈ کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہونا تھا، اس حوالے سے پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط پر مرحلہ وار عمل کیا جائے۔


