اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے سستے پیٹرول کی فراہمی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
وزارت آئی ٹی نے وزیر اعظم کے عوامی عزم کے تحت اس سسٹم کو صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے تیار کیا ہے تاکہ محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اسلام آباد کی حدود میں اس ریلیف کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ہوگا جبکہ دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع ہوگا۔
اس اسکیم کا مقصد مہنگے پیٹرول کے بوجھ سے بچانا اور شفاف سبسڈی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ مستحق شہریوں کو فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، موٹر سائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔
صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے شعبوں کے ساتھ مل کر گاڑیوں کی تصدیق کا عمل مکمل طور پر خودکار بنایا گیا ہے۔


