گلگت (لارڈ میڈیا) اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے گلگت بلتستان میں 5G سروس کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس اقدام سے خطے میں تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ایس سی او کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 5G سروس کے آغاز سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن، سیاحت اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ سمیت مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایس سی او کے مطابق اس پیش رفت سے بالخصوص خطے کی نوجوان آبادی کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جہاں تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ سرگرمیوں کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گی۔
گلگت بلتستان میں 5G سروس کی آزمائش کو خطے میں ڈیجیٹل رابطوں کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔ اس سے جدید تیز رفتار انٹرنیٹ ٹیکنالوجی تک رسائی کے حوالے سے خطے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ملک میں 5G ٹیکنالوجی کے رول آؤٹ کے وقت گلگت بلتستان کو نئی ٹیکنالوجی میں شامل کیے جانے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔ اب ایس سی او کی جانب سے 5G سروس کا کامیاب تجربہ خطے میں جدید موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی دستیابی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔


