شین زین (شِنہوا) جب سنگھوا یونیورسٹی کی ریسرچ فیلو زون احمد خان نے شین زین میں ایک ایکسو اسکیلیٹن روبوٹ کو آزمایا تو انہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران چین کے اس جنوبی اقتصادی اور ٹیکنالوجی مرکز میں آنے والی حیرت انگیز تبدیلی پر غور کیا، جس کی ترقی کی رفتار کا چند دہائیاں قبل شاید ہی کوئی تصور کر سکتا تھا۔
انہوں نے ایک بین الاقوامی سمپوزیم کے سلسلے میں مطالعاتی دورے کے دوران کہا کہ "آج ہم جن بہت سی ٹیکنالوجیز کا تجربہ کر رہے ہیں اور چین بھر میں جن اختراعات سے مجھے واسطہ پڑا ہے، ان کا مقصد حقیقی زندگی کے مسائل حل کرنا ہے۔ یہ مصنوعات نہ صرف شین زین کی کامیابیوں کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یہاں آنے والوں کو متاثر کرتی ہیں۔”
بین الاقوامی ماہرین، سکالرز اور مہمانوں پر مشتمل وفد نے شین زین کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مشاہدہ کیا کہ اس متحرک شہر میں جدید ٹیکنالوجی اور ثقافتی ورثہ کس طرح یکجا ہو رہے ہیں۔
دنیا کے بلند ترین شیشے کے فرش والے معلق مشاہداتی پلیٹ فارم پھنگ آن فنانس سنٹر کی 116 ویں منزل پر وفد نے شہر کی جدید سائنسی و تکنیکی کامیابیوں کی نمائش دیکھی، جس میں ڈی جے آئی کے ڈرونز، ٹین سینٹ کے مصنوعی ذہانت پر مبنی دفتری حل، آنرکے مجسم روبوٹس اور ہائپر شیل کے ایکسو اسکیلیٹن روبوٹس شامل تھے۔
سیچھوان انٹرنیشنل سٹڈیز یونیورسٹی سے وابستہ آرمینیا سے تعلق رکھنے والے ماہر رامی خلیل نے کہا کہ وہ چین کے مقامی طور پر ڈیزائن کردہ ہوالونگ ون جوہری ری ایکٹر سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ماحول دوست توانائی چینی ثقافت کا ایک نہایت اہم حصہ ہے۔ چینی فلسفہ فطرت پر غلبہ پانے کے بجائے اس کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی وکالت کرتا ہے۔”
آئیز آف دی گریٹر بے ایریا میں، جو دنیا کا سب سے بڑا حقیقی کتابوں کا مال ہے اور گزشتہ سال ستمبر میں کام شروع کر چکا ہے، پوسٹ ماڈرن ڈیویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ کے ریسرچ فیلو نیتھن بونار نے ایک کتاب اور سونگ خاندان (960-1279) کی شعری صنف سی سے متعلق خطاطی کی ایک مشقی کتاب خریدی۔
4 ہزار سے زائد کتابوں کے مالک اس کتاب دوست نے کہا کہ "مجھے یہاں کی ترتیب بہت پسند آئی۔ یہ صرف کتابیں خریدنے کی جگہ نہیں بلکہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ واقعی پڑھ سکتے ہیں، لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور ایک دوسرے سے میل جول کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ شین زین کو اکثر ٹیکنالوجی سے جوڑا جاتا ہے، لیکن اس کی کامیابیاں ثقافت میں گہری جڑیں رکھتی ہیں۔ "یہ دیکھ کر مجھے حوصلہ ملتا ہے کہ لوگ ٹیکنالوجی کو اپنی زندگی بہتر اور زیادہ خوشگوار بنانے کے لئے استعمال کرنا جانتے ہیں، تاکہ وہ بیٹھ کر شاعری پڑھ سکیں۔”
پاکستان میں قائم انڈرسٹینڈنگ چائنہ فورم کی ریسرچ فیلو فوزیہ امین نے کہا کہ "چین اپنی ثقافت اور تہذیب میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔ مطالعہ لوگوں کو علم سے جوڑتا ہے اور علم کا یہی حصول جدیدیت کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔”
تقریباً 1,700 سالہ تاریخ رکھنے والے نان تو قدیم قصبے میں قدیم گلیوں کے دونوں جانب کیفے، خصوصی کھانے پیش کرنے والے ریستوران اور آرٹ گیلریاں قائم ہیں۔ فرانس کی یونیورسٹی آف ری یونین کے ریسرچ فیلو برونو گوئیگ نے کہا کہ یہ قصبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ روایتی ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی مکمل طور پر ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔
گوئیگ نے کہا کہ "چینی لوگ اپنی ثقافتی جڑوں کو برقرار رکھتے ہوئے انسان نما روبوٹس تیار کر سکتے ہیں۔ یہ میرے لئے انتہائی دلچسپ ہے۔ شین زین کبھی ایک چھوٹا سا ماہی گیری کا گاؤں تھا اور اب اختراع کے مراکز اور مالیاتی مراکز پر مشتمل ایک عظیم شہر بن چکا ہے۔ یہ ایک نئے چین کی عکاسی کرتا ہے۔”
چین میں ارجنٹائن کے سابق سفیر اور یونیورسٹی آف بیونس آئرس کے مرکز برائے چینی علوم کے ڈائریکٹر گسٹاؤو سبینو واکا نارواجا نے کہا کہ "شین زین مومنٹ” تیز رفتار تکنیکی ترقی اور روایت و جدیدیت کے امتزاج سے پیدا ہونے والی پیداواریت کے ایک نئے مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے، جس سے نئی اختراعات جنم لیتی ہیں۔
سابق سفارت کار نے کہا کہ "چین کی ترقی اور تکنیکی پیش رفت اپنی شناخت کھوئے بغیر حاصل ہوئی ہے اور یہی چیز جدت کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ اسی لئے میرا یقین ہے کہ یہ گلوبل ساؤتھ کے لئے بھی مواقع فراہم کرتا ہے۔”


