اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ این آئی ایچ کے ڈاکٹر محمد سلمان کو تین سال کے لیے پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سلمان این آئی ایچ کے بھی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پمز کے معطل ہونے والے ای ڈی ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو چار ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سکیورٹی پر مامور کمپنی اور عہدیداران کے خلاف کارروائی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ اعلان وزیر اعظم آفس نے جاری کیا ہے۔
ڈاکٹر الطاف حسین کو تین ماہ کے لیے پمز اسپتال کا جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے اور پمز اسپتال کے دیگر شعبوں سے متعلق بھی انتظامی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پمز سانحے کے بعد اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت آٹھ افراد کو فوری معطل کرنے اور کارروائی کی منظوری دی تھی۔ معطل ہونے والوں میں جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی محمد عثمان، سی ڈی اے کے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی عبدالرحمان، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سعدیہ ریاض اور سینئر رجسٹرار بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔


