پشاور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی 5 سالہ آیت نور کے زیادتی کے بعد قتل پر ان کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے آیت نور کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر صورت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن بل کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔


