مظفرآباد (لارڈ میڈیا): بیرسٹر افتخار گیلانی نے آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کو مثالی خطہ بنانے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی، شفاف حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ قرار دیا اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کی۔
انہوں نے افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کشمیر میں تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور خطے کی پائیدار ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بیروزگاری ایک اہم مسئلہ ہے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے اسپتالوں کو بہتر کیا جائے گا۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ وہ عوامی فلاح، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔


