ویانا (لارڈ میڈیا): ویانا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس سے مصری شاہی خاندان کا قیمتی ہار چوری ہوگیا، جس کے بعد آسٹریا کی پولیس نے دو مشتبہ چوروں کی تصاویر جاری کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ہار زیورات کی نمائش میں رکھا گیا تھا، جہاں دونوں مشتبہ چور ٹکٹ لے کر داخل ہوئے اور ہتھوڑے کی مدد سے شوکیس توڑ کر ہار لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واردات کے وقت میوزیم میں دیگر افراد بھی موجود تھے لیکن کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ واردات کے بعد ملزمان نامعلوم سمت میں فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے شہر کے مرکزی علاقوں میں کارروائی کی جارہی ہے۔
چوری ہونے والا ہار مصر کی ملکہ نازلی کا تھا، جنہوں نے 1939 میں اپنی بیٹی فوزیہ کی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔ یہ 200 قیراط پلاٹینم کا ہار تھا جس میں 673 ہیرے جڑے تھے اور یہ 2015 میں 43 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔
میوزیم نے واردات کے بعد نمائش عارضی طور پر بند کردی ہے جبکہ جمعے کو ہونے والا گائیڈڈ ٹور بھی منسوخ کردیا گیا۔ حالیہ عرصے میں یورپ کے مختلف عجائب گھروں میں قیمتی نوادرات کی چوری کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یوروپول کی رپورٹ کے مطابق یورپی عجائب گھروں میں چوری کی وارداتیں زیادہ پرتشدد ہوتی جارہی ہیں، جہاں ملزمان بھاری ہتھوڑے اور کلہاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔


