کیگالی (شِنہوا) چین نے روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تزئین و توسیع کا منصوبہ مکمل ہونے پر ماساکا ہسپتال روانڈا کے حکام کے حوالے کر دیا۔
چینی امداد سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ اب تک روانڈا میں چینی حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا سب سے بڑا امدادی منصوبہ ہے اور یہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت ایک اہم عوامی فلاحی منصوبہ بھی ہے۔
تزئین و توسیع کے بعد ہسپتال کا رقبہ 6 ہزار 398 مربع میٹر سے بڑھ کر 56 ہزار 957 مربع میٹر ہوگیا ہے جبکہ بستروں کی تعداد بھی نمایاں اضافے کے ساتھ 127 سے بڑھ کر 837 ہوگئی ہے۔ ہسپتال میں بیرونی مریضوں کے یومیہ معائنے کی گنجائش 2 ہزار تک بڑھا دی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روانڈا کے وزیر صحت سبین نسانزی مانا نے کہا کہ یہ موقع ملک اور شعبہ صحت کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ یہ ہسپتال روانڈا اور افریقہ میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی علامت بنے گا۔ ہم صحت کے شعبے میں اس شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔
روانڈا میں چین کے سفیر گاؤ وین چھی نے ماساکا ہسپتال کو چین اور روانڈا کی دوستی کا گواہ اور اس کا حصہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تزئین و توسیع کے منصوبے کی کامیاب تکمیل ہسپتال میں سہولیات اور طبی خدمات کی صلاحیتوں میں جامع اور تاریخی تبدیلی کی علامت ہے اور اس سے ہسپتال ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا ہسپتال نہ صرف خطے کے بڑے اور جامع تدریسی ہسپتالوں میں شامل ہوگا بلکہ بتدریج مشرقی افریقہ کے لئے ایک علاقائی طبی مرکز بھی بن جائے گا جس سے پورے براعظم افریقہ کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل اور حوالگی تعمیراتی مرحلے کے کامیاب اختتام کی علامت ہے جبکہ اس سے بھی بڑھ کر یہ چین اور روانڈا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
تعمیراتی مدت کے دوران اس منصوبے میں روانڈا کے ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے کام کیا جبکہ 200 سے زائد چینی ماہرین تعمیرات بھی شریک رہے جس سے مقامی تکنیکی ماہرین کی تربیت اور ترقی میں مدد ملی۔
چین اور روانڈا کے درمیان طبی اور صحت کے شعبے میں طویل عرصے سے تعاون جاری ہے۔ 1982 سے اب تک چین روانڈا میں 26 طبی ٹیمیں بھیج چکا ہے جو ماساکا اور کیبونگو ہسپتالوں میں روزانہ طبی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔


