دمشق (لارڈ میڈیا): شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب مغرب میں ایک گاؤں کے قریب شہری گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کویت نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کویتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حملے میں ایک عام شہری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا تاکہ بار بار ہونے والی ان اسرائیلی کارروائیوں کو روکا جا سکے۔
وزارت خارجہ نے عالمی برادری اور سلامتی کونسل کو شام کی سرزمین پر ہونے والی بار بار کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی فوجیوں کو درپیش ایک فوری خطرے کے جواب میں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شام میں یہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیل کا دوسرا حملہ ہے جس کے باعث خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ عرب ممالک کی جانب سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر مسلسل تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔


